اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل، معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی اشتراک کو فروغ دے گا۔رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کا منتظر ہوں ،انہوں نے یہ بات آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کی قیادت میں 11 رکنی اعلیٰ سطحی چینی کاروباری وفد سے گفتگو کے دوران کہی جس نے جمعہ کے روز وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، وفد نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیرِ اعظم نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کے منتظر ہیں،انہوں نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور پاکستان و چین کے درمیان کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔