کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ منشیات صرف ایک ادارے یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم اور نوجوان نسل کا مسئلہ ہے، اپوزیشن لیڈر کو اسمبلی سے باہر گفتگو کرنے کی بجائے اسمبلی فلور پر بات کرنی چاہئے تھی،وہ اس معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ کی مذمت کرتے ہیں ،تمام اسمبلی اراکین کو یاد ہونا چاہئے کہ ہماری حکومت نے منشیات کے خلاف سخت مہم چلائی ہے۔ وہ پہلے بھی اسمبلی فلور پر واضح کر چکے ہیں کہ ہر رکن خود کو انسدادِ منشیات کا وزیر سمجھے کیونکہ منشیات صرف ایک ادارے یا حکومت کا نہیں بلکہ پوری قوم اور نوجوان نسل کا مسئلہ ہے۔ سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات صرف سندھ یا پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کو درپیش چیلنج ہے، جس کے عالمی سطح پر نیٹ ورکس کام کر رہے ہیں۔