• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور خاندان کا کفیل قتل، پولیس خاموش تماشائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کراچی میں مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور خاندان کا کفیل قتل کردیا گیا اورپولیس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے، تفصیلات کے مطابق سرسید تھانہ کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 7D/1انڈہ موڑ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزما ن کی فائرنگ سے 38سالہ شہزاد ولد غلام سرور جاں بحق ہو گیا،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جبکہ کرائم سین یونٹ کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکھٹا کئے گئے، ایس ایچ او تھانہ سرسید فرخ ہاشمی نے بتایا ہے کہ مقتول نارتھ کراچی سیکٹر 7A بلال کالونی کا رہائشی تھا اورآن لائن ٹیکسی چلاتا تھا، وہ ہفتہ کو گاڑی کھڑی کرکے انڈہ موڑ کے قریب ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2مسلح ملزمان نے اسے گولی مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے، عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، تاہم مقتول کا موبائل اور بٹوا ٹیبل پر موجود تھا، ملزمان نے اپنے 30بور پستول سے 1گولی فائر کی جو مقتول کے چہرے پر لگی جس سے اس کی موت واقع ہوئی، پولیس واقعے کی ڈکیتی مزاحمت سمیت دیگر پہلوئوں سے تحقیقات کر رہی ہے، ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس نے مقتول کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید