• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام پانی سے محروم، ٹینکر مافیا پورے شہر پر راج کر رہا ہے، سیف الدین ایڈوکیٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے گلشن معمار میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف یوسی 12سیکٹر X-2میں منعقدہ فیملی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے گلشن معمار میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے متعدد ملاقاتیں، واٹر بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کے سامنے مسئلہ رکھا، اگر یہ مسئلہ ضلعی سطح پر حل نہ ہوا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔گلشن معمار کے عوام کا احتجاج صرف پانی کے مسئلے کے خلاف نہیں بلکہ سندھ حکومت کی نااہلی، کرپشن اور کراچی دشمن پالیسیوں کے خلاف بھی ہے۔گلشن معمار کے عوام تنہا نہیں ہیں، جماعت اسلامی ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے اور پانی کی مستقل فراہمی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔افسوس کی بات یہ ہے کہ ایک طرف عوام پانی سے محروم ہیں، دوسری طرف ٹینکرمافیا پورے شہر پر راج کر رہا ہے۔ جو لوگ غیر قانونی طریقے سے پانی بیچتے ہیں، انہیں حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ جو لوگ بجلی اور پانی چوری کرتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، جبکہ ایمانداری سے بل ادا کرنے والوں کو ہی سزا دی جاتی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید