جیکب آباد (نامہ نگار خاوند بخش بھٹی )جیکب آباد پسند کی شادی تنازع: پورا گائوں جلنے کے بعد پولیس پکٹس قائم، لڑکی کے والد نے گھروں کو آگ لگانے کا الزام مسترد کر دیا،بیٹیاں بھی ہماری گئیں اور پرچہ بھی ہم پر ہوا"، رفیق چنہ کا دعویٰ؛ سدرہ چنہ کا بالغ ہونے اور مرضی سے شادی کا ویڈیو بیان، متاثرین کھلے آسمان تلے بے یارومددگار، ڈی ایس پی ٹھل کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے گاؤں محمد صدیق آرائیں میں پسند کی شادی کے تنازع پر برڑو برادری کے گھروں کو آگ لگائے جانے کے ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال تاحال انتہائی کشیدہ ہے۔ پولیس نے مزید خون خرابے کو روکنے کے لیے گاوں میں مستقل پکٹس (مورچے) قائم کر کے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، جبکہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی ٹھل کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب معاملے میں لڑکی کے والد کے چونکا دینے والے بیانات کے بعد نیا موڑ آ گیا ہے۔لڑکی کے والد رفیق چنہ نے میڈیا کے سامنے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ایک نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔