لاہور (جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد حفیظ اللہ اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے ریلوے حکام کو لاہور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے مزید جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ادارہ ریکارڈ آمدن حاصل کر رہا ہے۔