لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال میں مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔انہوں نے ہسپتال کے امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے انتظامی ڈاکٹرز کے شعبے تبدیل کر دیے جائیں گے۔پرنسپل نے سینٹری انسپیکٹر کی گزشتہ چار ماہ کی بائیومیٹرک حاضری کا مکمل ریکارڈ 24گھنٹوں میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر پرنسپل اور ایم ایس نے کہا کہ حکومت اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تمام پروفیشنلز کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوں گی تاکہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو بہترین علاج و ریلیف مل سکے۔