اسلام آباد ہائی کورٹ میں بجلی کی طویل بندش کے باعث عدالتی امور شدید متاثر ہوئے، جبکہ شدید گرمی اور اندھیرے نے وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بجلی معطل رہی، جس کے باعث کورٹ رومز میں اندھیرا چھا گیا، صورتِ حال کے پیشِ نظر کورٹ رومز کے دروازے کھول دیے گئے تاکہ ہوا کی آمد و رفت ممکن بنائی جا سکے۔
شدید گرمی کے باعث وکلاء اور سائلین عدالتوں کے باہر انتظار کرتے رہے، جبکہ عدالتی عملے کو بھی کیسز کی تیاری اور دفتری امور انجام دینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں ڈیڑھ گھنٹے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کی بجلی بحال کر دی گئی، جس کے بعد عدالتی سرگرمیاں معمول پر آنا شروع ہوئیں۔