جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اسرائیلی فوج کا ریزرو میجر ایتامار سپیر ہلاک ہو گیا۔
اسرائیلی فوج نے اپنے فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 27 سالہ افسر ایک چرچ کے اندر موجود حزب اللّٰہ جنگجو کی فائرنگ کا نشانہ بنا، ہلاک ہونے والا افسر مغربی کنارے کی بستی ایلی کا رہائشی تھا۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ 25 سے زائد حزب اللّٰہ کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں اسلحہ ڈپو، راکٹ لانچر اور کمانڈ سینٹر شامل تھے۔
دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ دیر قانون النہر کے علاقے پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے جن میں 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں جبکہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ادھر حزب اللّٰہ نے بھی لبنان سے اسرائیل کی جانب کئی ڈرون حملے کیے، اسرائیلی فوج کے مطابق ایک ڈرون مار گرایا گیا جبکہ دوسرا سرحدی علاقے میں گرنے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔