اسلام آباد (خالد مصطفی/عاطف شیرازی) ایران امریکا مذاکرات، تیل سستا مگر ایل این جی مہنگی، عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ، بات چیت سے متعلق ملے جلے اشاروں نے توانائی اور حصص کی منڈیوں کو مختلف سمتوں میں دھکیل دیا۔ امریکہ و یورپ کی منڈیاں کمزور، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں تیزی، پاکستان میں دو فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ عالمی مالیاتی منڈیوں میں جمعرات کو شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا جب امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات سے متعلق ملے جلے اشاروں نے توانائی اور حصص کی منڈیوں کو مختلف سمتوں میں دھکیل دیا۔ ایک طرف خام تیل کی قیمتیں حالیہ بلند سطح سے نیچے آگئیں کیونکہ سرمایہ کاروں کو امید پیدا ہوئی کہ سفارتی کوششیں خلیج میں بڑے تصادم کو روک سکتی ہیں، تاہم دوسری طرف ایشیا میں مائع قدرتی گیس کی قیمتوں میں دس فیصد سے زائد اضافہ ہوا کیونکہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب کسی بھی رکاوٹ سے جاپان اور جنوبی کوریا جیسے بڑے درآمد کنندگان کو گیس کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی دوران عالمی حصص کی منڈیوں میں واضح تقسیم نظر آئی جہاں امریکی اور یورپی بازار کمزور رہے جبکہ کئی ایشیائی منڈیاں مضبوط ہو کر بند ہوئیں۔ مذاکراتی صورتحال کا مرکز واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے ہونے والے بالواسطہ رابطے تھے جن میں پاکستان اور بعض خلیجی ممالک بھی شامل رہے۔