لاہور(رپورٹ عمران احسان) پاکستانی نژاد معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے کہا ہے کہ انہیں 24 ماہ معطل قید کی سز انہیں ہوئی، عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل میں جارہے ہیں،جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی اخبار نےمیرا مؤقف لئے بغیر خبر شائع کی جس کے باعث غلط خبر شائع ہو گئی۔ جبکہ فرانسیسی اخبار Le Monde کی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ فرانسیسی عدالت نے مبینہ ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں پاکستانی نژاد معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو 24 ماہ قید کی معطل سزا اورڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ کیا ہے، اخبار نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیرس کورٹ آف اپیل نے دس سال تک کاروبار کرنے پر پابندی اور تین گھڑیوں کے ساتھ تین جیگوار گاڑیوں کی ضبطی کی سزا سنائی ہے۔ دوسری جانب جنگ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئےفیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نےکہا کہ گاڑیوں کی ضبطی سے متعلق عدالتی حکم صرف ایک جیگوار گاڑی کے بارے میں ہے جبکہ اخبار نے تین جیگوار گاڑیوں کا ذکر کیا۔ محمود بھٹی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا 2009 سے 2014 کا مقدمہ ختم کرنے کیلئے بالاخر اعترافِ جرم کے قانونی طریقہ کار پر رضامند ہوا، اس حوالے سے پیرس پبلک پراسیکیوٹر اورمحمود بھٹی کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا تھا۔ محمود بھٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا فرانسیسی اخبار نے دو دیگر مقدمات کا بھی ذکر کیا، ایک کیس میں مجھے کو ئی سزا نہیں ہوئی جبکہ دوسرے کیس میں خود متاثرہ فریق ہوں۔ محمود بھٹی نے مزید کہا کہ ایک پرتشدد ڈکیتی کی واردات کا شکار ہوا تھا جس میں مجھے بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا، اس کیس میں ملوث ملزمان کو پیرس کریمنل کورٹ نے قید کی سزائیں سنائی تھیں۔