• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممبئی: قربانی کیلئے لائے بکروں کی موجودگی پر ہنگامہ، مسلمانوں ہی کیخلاف مقدمہ درج

ممبئی میں عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل ممبئی کے علاقے میرا روڈ پر ایک سوسائٹی میں قربانی کیلئے لائے گئے بکری بکروں کو رکھنے پر تنازع کھڑا ہو گیا، جہاں مسلمانوں کے خلاف ہی مقدمہ درج کروادیا گیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق پونم کلسٹر 1 نامی اپارٹمنٹ کمپلیکس میں عید کی تیاریوں کے سلسلے میں لائے گئے جانوروں کے خلاف چند مقامی ہندوتوا تنظیموں اور ہندو رہائشیوں نے شدید احتجاج کیا، جس کے بعد سوسائٹی میں کشیدگی پھیل گئی۔

مقامی مسلم رہائشیوں نے عید کی قربانی کے لیے سوسائٹی کی حدود میں ایک عارضی شیڈ بنایا تھا، جس کے خلاف وشوا ہندو پریشد کے کارکناں اور دیگر افراد نے مورچہ کھول دیا۔ پیر کی رات دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد منگل کے روز بلدیاتی ادارے (BMC) اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسلم کمیونٹی کی جانب سے بنایا گیا شیڈ مسمار کر دیا۔

جب مسلم برادری کے افراد نے اپنے مذہبی تہوار کی ضرورت کے پیشِ نظر شیڈ کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوشش کی، تو سوسائٹی کے اندر اور باہر ان کے خلاف دوبارہ مظاہرے شروع کر دیے گئے۔ اس دوران بھاری پولیس نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو ہٹایا۔ دباؤ کے باعث بالآخر مسلم رہائشیوں کو عید سے قبل ہی اپنے قربانی کے جانور سوسائٹی کے کمپلیکس سے ہٹانے پڑے۔

وشوا ہندو پریشد نے پولیس کے سامنے خود کو ہی مظلوم بنادیا اور کہا کہ ان پر مسلمانوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے جس پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید