کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچے میں آپریشن جاری رہے گا اور ترقیاتی کام بھی کروائے جائیں گے ، وہاں پہلے کی نسبت کافی بہتری آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ رہڑکی دربار پہنچے، گدی نشین سائیں سادھ رام کے انتقال پر ان کے ورثاء اور ہندو برادری سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیااس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، صوبائی مشیر بحالی گیان چند ایسران، ایم پی اے امداد علی پتافی اور چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سائیں سادھ رام ایک نہایت محبت کرنے والے انسان تھے، ان سے کئی ملاقاتیں رہیں، وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے اور سب کا خیال رکھتے تھے ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہےامید ہے کہ ان کے پیروکار سائیں سادھ رام کے امن اور محبت کے پیغام پر عمل کرتے رہیں گے ۔