• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ڈاکٹرز نے سوشل میڈیا کو بچوں کیلئے سگریٹ جتنا خطرناک قرار دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی ڈاکٹروں نے سوشل میڈیا کو بچوں کیلئے سگریٹ جتنا خطرناک قرار دیدیا۔طبی ماہرین نے بچوں کی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات پر خبردار کردیا، 16 سال سے کم عمر بچوں پر پابندیوں پر غور ، اسکرین ٹائم ذہنی و جسمانی مسائل کا سبب بن رہا ہے،آسٹریلیا پہلے ہی کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی لگا چکا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سینئر ڈاکٹروں نے سوشل میڈیا کو بچوں کے لیے سگریٹ نوشی جتنا خطرناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کو آن لائن نقصانات سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ برطانیہ اور آئرلینڈ کے 23 طبی اداروں کی نمائندہ تنظیم “اکیڈمی آف میڈیکل رائل کالجز” نے حکومت کو جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور اسکرینز کے بے لگام استعمال نے بچوں اور نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صحت کو شدید متاثر کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ مسئلہ طبی ماہرین کو اسی طرح متحد کررہا ہے جیسے ماضی میں سگریٹ نوشی اور گاڑیوں میں سیٹ بیلٹ کے قوانین نے کیا تھا۔ سروے میں شامل 132 ڈاکٹروں میں سے نصف سے زیادہ نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے ایسے مریض دیکھتے ہیں جن کی صحت کے مسائل سوشل میڈیا یا اسکرین استعمال سے جڑے ہوسکتے ہیں، جبکہ ایک تہائی ڈاکٹروں نے کہا کہ انہیں ہفتے میں کئی بار ایسے کیسز کا سامنا ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نقصانات میں ذہنی دباؤ، آن لائن تشدد دیکھنے سے صدمہ، اور بعض اوقات خطرناک یا فحش مواد کی نقل کرتے ہوئے جسمانی چوٹیں بھی شامل ہیں۔ 
اہم خبریں سے مزید