کراچی (جنگ نیوز ) جیو فلمز اور فلم والا کی پیشکش، ایکشن، سسپنس، ہارر اور ایڈونچر سے بھرپور فلم ”زومبیڈ“ کا شاندار اور رنگا رنگ پریمیئر کراچی کے مقامی سینما میں منعقد ہوا، جہاں فلمی دنیا کی چکاچوند، جگمگاتے ستاروں اور مداحوں کے غیرمعمولی جوش و خروش نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔پریمیئر میں فلم کے مرکزی ادار فہد مصطفی، مہوش حیات، پروڈیوسر و رائٹرفضا علی مرزا اور ہدایتکار نبیل قریشی سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات اور اداکار وں جن میں ہمایوں سعید، محمود اسلم، فیصل قریشی، نبیل، صلاح الدین تنیو سمیت کئی فنکاروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ عمائدین شہر، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے اور فلمی ستاروں کے مداحوں نے بھی اپنی حاضری سے چار چاند لگادیئے۔ ریڈ کارپٹ پر کیمروں کی چمکتی فلیش لائٹس اور ستاروں کی آمد نے فلمی میلے کا سماں باندھ دیا۔ فلم کے مرکزی اداکار فہد مصطفی اور مہوش حیات کی آمد پر مداحوں کا جوش دیدنی تھا۔ شرکاء نے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں جبکہ پورا ہال خوشی، ولولے اور پرجوش نعروں سے گونجتا رہا۔ سینما ہال میں تل دھرنے کی جگہ نہ تھی اور ہر شخص فلم دیکھنے کے لیے بیتاب نظر آیا۔جوں ہی فلم کا آغاز ہوا، جدید تکنیکی معیار، دلکش سینماٹوگرافی، شاندار ویژول ایفیکٹس اور فنکاروں کی متاثرکن اداکاری نے حاضرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔