• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرندہ ٹکرانے سے متاثر طیارے کی بحالی کیلئے کراچی کی پرواز کوئٹہ اتار لی گئی

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) انجینئرز، اضافی عملہ اور الات پہنچانے کیلئے ایئر لائن نے دبئی کراچی کی پرواز کو کوئٹہ اتار لیا۔ 3 گھنٹے تاخیر پر مسافر اور اہل خانہ پریشان ہوئے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی سے پرواز ایف زیڈ 345 سے منگل کی صبح کوئٹہ لینڈنگ کے دوران پرندہ ٹکرا گیا۔ بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا۔ طیارے کی مرمت کیلئے انجینئرز، عملہ اور ضروری آلات دبئی سے کراچی کی پرواز ای زیڈ 335 میں روانہ کئے گئے اور درمیان راستے سے پرواز کا رخ کوئٹہ موڑ دیا گیا۔ لینڈنگ کے بعد طیارہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک کوئٹہ ایئرپورٹ پر کھڑا رہا اور مسافر طیارے میں رہے۔ پرواز نے 3:40 بجے کراچی پہنچنا تھا جو ری روٹنگ کی وجہ سے 6:37 بجے کراچی اتری۔ مسافر کئی گھنٹے پرواز میں مشکل کا شکار رہے جبکہ انہیں لینے کیلئے ایئرپورٹ پہنچے اہلخانہ بھی پریشان ہوئے۔ کوئٹہ سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 346 کا عملہ بھی تبدیل کیا گیا۔ اس صورتحال کے باعث کوئٹہ سے دبئی کے مسافر 8 گھنٹے سے زائد کی تاخیر کا شکار ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید