اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے،بھارت آبی وسائل پر سیاست اور یکطرفہ اقدامات سے باز رہے، انہوں نے خبردار کیا کہ پانی کی تقسیم کے بین الاقوامی معاہدوں کو کمزور کرنے کی کوششیں نیچے دھارے والے ممالک کے حقوق کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ دوشنبہ میں بین الاقوامی دہائی برائے ایکشن پائیدار ترقی کے لیے پانی کے موضوع پر چوتھی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دیرینہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مشترکہ آبی وسائل پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سرحد پار دریاؤں کو متاثر کرنے والے یکطرفہ اقدامات سے پانی کی حفاظت، خوراک کی پیداوار اور موسمیاتی لچک سے متعلق سنگین عالمی چیلنجز پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ملک کو پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے یا بین الاقوامی معاہدوں کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تاکہ دوسری قومیں پانی کے اپنے جائز حقوق سے محروم نہ ہوں۔