اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ،نیوز رپورٹر ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے بابرکت موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ نفرت ،تقسیم کی بجائے ، محبت برداشت ، مکالمے کو فروغ دیں ،وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام عید میں میں کہا کہ عید کا روحانی موقع اس امر کا بھی متقاضی ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنے گرد و نواح میں تنگ دست، غرباء اور مستحق افراد کا خصوصی طور پر خیال کریں اور عید کی خوشیوں میں انکو شامل حال رکھیں۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ یہ عید ہمیں اطاعتِ الٰہی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کے اس عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سیرتِ مبارکہ سے ہمیں ملتا ہے۔ عید الاضحیٰ ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ قربانی صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی پیغام ہےاور انسان کی اصل کامیابی مال و دولت، طاقت یا ظاہری شان میں نہیں، بلکہ تقویٰ، خلوص، خدمت اور انسانیت کے درد کو محسوس کرنے میں ہے۔