اسلام آباد (صالح ظافر)قومی بجٹ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی؛ قومی اسمبلی اور سینیٹ اب 5 جون کو طلب کیے جانے کا امکان۔ حکومت نے 24 جون تک بجٹ تجاویز پر بحث سمیٹنے اور انہیں منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تفصیلات کے مطابق رواں سال 60 سے زائد اراکینِ پارلیمنٹ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔ ان کی جون کے پہلے ہفتے کے اوائل میں وطن واپسی متوقع ہے۔ اس صورتحال کے باعث حکومت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بجٹ اجلاس بلانے کے لیے تبدیلیاں کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ حکومت نے ابتدائی طور پر یکم جون کو دونوں ایوانوں (قومی اسمبلی اور سینیٹ) کے الگ الگ اجلاس بلانے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم اب انہیں 5 جون کو طلب کیا جا رہا ہے۔ اگر ان دنوں اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہوتے ہیں، تو اس تاریخ میں مزید تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے ابتدائی تیاریاں جاری ہیں۔ مجوزہ تاریخوں اور مذاکرات کے وقت میں تصادم کی صورت میں اس شیڈول میں مزید تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔ حکومت نے 24 جون تک بجٹ تجاویز پر بحث سمیٹنے اور انہیں منظور کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بجٹ کی 30 جون سے پہلے منظوری لازمی ہے تاکہ یکم جولائی سے ملک بھر میں ان تجاویز کو قانونی حیثیت حاصل ہو سکے۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ قومی اسمبلی کا باقاعدہ اجلاس 3 اگست سے شروع ہوگا۔ سینیٹ کا اجلاس بھی اسی ہفتے بلایا جائے گا۔