اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے دورہ چین پر آئے پاکستان کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا طویل تھکا دینے والے سفر کے بعد بیجنگ پہنچنے پر خوشدلانہ خیرمقدم کیا ہے اور انہیں پرعزم اور حوصلہ مند فوجی قائد قرار دیا ہے۔ دونوں کے درمیان یہ مکالمہ عظیم عوامی ہال میں پرجوش مصافحے کے موقع پر غیر رسمی تبادلہ خیال میں ہوا، جس میں چین کے وزیراعظم کے چہرے پر بھرپور مسکراہٹ تھی اور ان کا کہنا تھا کہ مسٹر فیلڈ مارشل آپ نے ایران مذاکرات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور شاندار مصالحت کار کی حیثیت سے اپنی پہچان کرائی ہے، جس کا پوری دنیا کے امن کو فائدہ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان سے آئے وفاقی وزراء پروفیسر احسن اقبال چوہدری اور رانا تنویر حسین بھی ان کے برابر موجود تھے۔ ایک مرحلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم لی چیانگ نے قہقہہ بھی لگایا، جب پاکستان کے فوجی سربراہ نے میزبان وزیراعظم کے تحسین آمیز جملے کے جواب میں کہا کہ جب برادر اور خیرخواہ ملک (چین) کی محبت سے لبریز دعوت کا معاملہ ہو تو تھکاوٹ راحت میں بدل جاتی ہے، مجھے چین کی مہمان نوازی اور پرخلوص یادیں ہمیشہ خوشی دلاتی ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی عظیم عوامی ہال میں موجود تھے اور دوسرے مہمانوں کے ساتھ ملاقاتوں میں مصروف تھے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بیجنگ سے جنگ/ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چین کے وزیراعظم کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خوش کن مکالمے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ پاکستان سے آئے مہمانوں کے لئے چین کے عوام اور قیادت نے ہمیشہ دیدہ و دل فرش راہ رکھا ہے، پاکستان میں بھی چین کے لئے ایسے ہی جذبات پائے جاتے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ چین شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔