نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، ابراہیمی معاہدے کے حوالے سے بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ جب تک 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ فلسطین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، تب تک پاکستان کے موقف میں کوئی لچک نہیں آئے گی۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم کی چین میں سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں، شہباز شریف بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں، ان کے دورہ چین کے دوران بی ٹو بی تاریخی معاہدے ہوئے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو عظیم فتح ملی، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہیے، فلسطین کے حوالے سے پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مارکو روبیو سے ملاقات میں پاکستانی سفیر اور دفتر خارجہ کے دیگر حکام شامل تھے، خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پہلی جنگ بندی پاکستان کی کوشش سے ممکن ہوئی، امریکا اور ایران کی اس بار بھی جنگ بندی پاکستان کا کاوشوں سے ممکن ہوئی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو عالمی افق پر نئی شناخت ملی، 47 سال بعد امریکا اور ایران کے براہ راست مذاکرات ممکن ہوئے۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی اہم صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے، اسحاق ڈار کی واشنگٹن آمد پر پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
سرکاری مصروفیات مکمل کرنے کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج ہی اسلام آباد واپس روانہ ہوں گے۔