دادو ( نامہ نگار جاوید ناریجو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے اضلاع بنانے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق باتیں صرف میڈیا میں سن رہے ہیں، صوبوں سے متعلق کوئی ترمیم زیر غور نہیں، پیپلز پارٹی سے اس حوالے سے کسی نے کوئی بات نہیں کی، نئی ترمیم کا مسودہ یا ڈرافٹ بھی پیپلز پارٹی سے شیئر نہیں کیا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی گاؤں واہڑ میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ مراد شاہ نے کہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ عوام خصوصاً غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ پڑے، سندھ کا آئندہ بجٹ عوام دوست ہوگا۔