پشاور( جنگ نیو ز) پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل(چائنہ )محمد طارق وزیرنے پشاور میں قائم جدید چینی ثقافتی و معلوماتی مرکزچائنہ ونڈو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک چین عوامی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو مضبوط بنانے میں ادارے کے نمایاں کردار کو سراہا۔اپنے دورے کے دوران محمد طارق وزیر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا، جہاں چین کی تاریخ، ثقافت، سائنسی و تکنیکی ترقی، سیاحت، تعلیم اور پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤںکو پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے گیلریوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے عوام کو چین کی عظیم تہذیب اور جدید کامیابیوں سے روشناس کرانے کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ڈائریکٹر جنرل نے چائنہ ونڈو کی فرینڈشپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے خیالات درج کرتے ہوئے اس ثقافتی مرکز کے قیام کے پیچھے موجود وژن اور لگن کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو کا دورہ کرکے انہیں بے حد خوشی اور مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ادارے کے بارے میں پہلے بھی بہت کچھ سن چکے تھے، تاہم آج اسے قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔