اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہونے کے معاملے پر وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو مداخلت کیلئے خط لکھ دیا۔
خالد یوسف کے مطابق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کیلئے پاور آف اٹارنی اور اپیل پیپرز پر دستخط التوا میں ہیں، متعدد درخواستوں کے باوجود جیل انتظامیہ نے قانونی دستاویزات پر عملدرآمد نہیں کرایا۔
انھوں نے کہا کہ 21 مئی کو جیل حکام کو دستاویزات پیش کیں، مگر دستخط نہیں کرائے گئے۔
وکیل خالد یوسف کے مطابق قانونی دستاویزات کو ریئر سروس کے ذریعے بھی جیل حکام کو بھجوائی گئیں، جیل انتظامیہ نے دستاویزات وصولی کیلئے عید کے بعد آنے کا کہا تھا، یکم جون کو پورا دن انتظار کے باوجود کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔
وکیل خالد یوسف کے خط میں موقف اخیتار کیا گیا کہ اپیل دستاویزات میں تاخیر آئین پاکستان کے تحت انصاف تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
وکیل خالد یوسف نے مزید کہا کہ قانونی دستاویزات روکنے سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق متاثر ہو رہا ہے، خط کی نقول سیکریٹری چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور ایس پی صدر راولپنڈی کو بھی ارسال کر دی گئیں۔