معروف بھارتی ہدایت کار فرحان اختر کی فلم ڈان 3 ایک بڑے بحران کا شکار ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار رنویر سنگھ نے شوٹنگ شروع ہونے سے چند ہفتے قبل ہی فلم چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد معاملہ قانونی تنازع تک جا پہنچا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈان فرنچائز کو پہلا بڑا دھچکا اس وقت لگا جب شاہ رخ خان نے 2023ء میں فلم سے علیحدگی اختیار کی۔
شاہ رخ خان کی ڈان 3 سے علیحدگی کی بنیادی وجہ طویل تاخیر اور تخلیقی اختلافات تھے۔
ڈان 2 کے بعد کئی برس گزرنے کے باوجود فلم کی کہانی اور منصوبہ حتمی شکل اختیار نہ کر سکا تھا، بعد ازاں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے بعد شاہ رخ خان کی ترجیحات تبدیل ہو گئی تھیں اور وہ بڑے پیمانے کی ایکشن فلموں پر توجہ دینے لگے تھے۔
اس کے بعد ایکسل انٹرٹینمنٹ نے رنویر سنگھ کو نئے ڈان کے طور پر متعارف کروایا تاہم منصوبہ دوبارہ مشکلات کا شکار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رنویر سنگھ کو فلم کے آخری مسودے پر تحفظات تھے، ان کا مؤقف تھا کہ کہانی اس معیار کی نہیں جس کے ذریعے وہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان جیسے بڑے ناموں کی وراثت کو آگے بڑھا سکیں۔
اسی دوران رنویر سنگھ کی فلم دھریندھر کی کامیابی نے بھی اداکار کی ترجیحات تبدیل کر دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایکسل انٹرٹینمنٹ فلم کی ابتدائی تیاریوں، غیر ملکی لوکیشنز، ایکشن ٹریننگ اور دیگر انتظامات پر تقریباً 45 کروڑ روپے خرچ کر چکی تھی، پروڈکشن ہاؤس مبینہ طور پر یہی رقم رنویر سنگھ سے وصول کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
معاملہ بڑھنے پر فرحان اختر اور رتیش سدھوانی نے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز سے رجوع کیا جس کے بعد رنویر سنگھ کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کی گئی تاہم بعد میں یہ ہدایت واپس لے لی گئی۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان، سلمان خان، انیل کپور، اشوتوش گواریکر، روہیت شیٹی اور کرن جوہر سمیت کئی اہم شخصیات نے دونوں فریقوں کے درمیان مصالحت کروانے کی کوشش کی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
فلمی حلقوں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اسی تنازع نے رنویر سنگھ اور زویا اختر کے دیرینہ پیشہ ورانہ تعلقات کو بھی متاثر کیا ہے، رنویر نے معاملہ حل کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے معاوضے کی پیشکش کی تاہم پروڈکشن ہاؤس نے بھی اسے مسترد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کی علیحدگی کے بعد اب ایکسل انٹرٹینمنٹ نئے مرکزی اداکار کی تلاش میں ہے تاہم مسلسل تنازعات، تاخیر اور قانونی پیچیدگیوں نے ڈان 3 کے مستقبل پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔