• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ورکرز باڈی کا قانونی نوٹس کے بعد رنویر سنگھ کیخلاف عدم تعاون کا اعلان واپس

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی فلم ورکرز کی تنظیم نے اداکار رنویر سنگھ کے خلاف جاری عدم تعاون کا حکم واپس لے لیا، یہ فیصلہ سنٹا اور امپا کی درخواست پر کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ورکرز فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے اعلان کیا ہے کہ رنویر سنگھ کے خلاف جاری ہدایت ختم کر دی گئی ہے۔

فیڈریشن کے چیف ایڈوائزر اشوک پنڈت نے بتایا کہ رنویر سنگھ کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا جواب قانونی ٹیم دے گی۔

اشوک پنڈت نے مزید کہا ہے کہ فیڈریشن رنویر سنگھ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے معاملے کا حل چاہتی ہے اور امید ہے کہ مثبت پیش رفت ہو گی۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ نے فلم ’ڈان 3‘ سے علیحدگی اختیار کی تھی جس کے بعد فیڈریشن نے 25 مئی کو ان کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کی تھی۔

اس فیصلے پر فلمی صنعت کی متعدد شخصیات نے مختلف آراء کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب معروف فلم پروڈیوسر ٹی پی اگروال نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کسی فرد یا تنظیم کو کسی کے خلاف پابندی لگانے یا کام نہ کرنے کی ہدایت دینے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔

ادھر پروڈیوسرز گلڈ آف انڈیا نے بھی فنکاروں، ہدایت کاروں اور تکنیکی ماہرین کی جانب سے آخری وقت میں منصوبوں سے الگ ہونے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ظاہر کی تھی۔ 

تنظیم کے مطابق ایسے اقدامات سے پروڈیوسرز کو مالی نقصان پہنچتا ہے اور صنعت میں اعتماد اور پیشہ ورانہ ماحول متاثر ہوتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید