پشاور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے ڈاکٹرز کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں کی تصویر کشی اور ویڈیو ریکارڈنگ نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ ساکھ کو متاثر کرتی ہے بلکہ مریضوں کی رازداری کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اس کے خلاف قانون سازی اور سخت پابندی کی ضرورت ہے۔ پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ حساس اور اعلیٰ مہارت کے متقاضی طبی امور میں غیر ضروری مداخلت، دباؤ اور اشتعال انگیزی جیسے اقدامات ڈاکٹرز کے حوصلے پست اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو متاثر کرتے ہیں۔ مزید برآں یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ اس سال داخلوں کے معیار میں کمی کے باوجود میڈیکل ایجوکیشن کی 743نشستیں خالی رہ گئیں۔ یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوانوں میں طب کے شعبے کے لئے دلچسپی کم ہو رہی ہے، جس میں مذکورہ بالا مسائل کا بھی اہم کردار ہے۔