• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور غیر سرکاری تنظیم میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پشاور (نیوز رپورٹر)خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن اور غیر سرکاری تنظیم د حوا لور کے درمیان خواتین اور دیگر محروم طبقات کو حقِ معلومات سے متعلق آگاہی دینے اور معلومات تک رسائی کو فروغ دینے کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دئیے گئے۔معاہدے پر چیف انفارمیشن کمشنر سید نذر حسین شاہ اور د حوا لور کی چیف ایگزیکٹو آفیسر خورشید بانو نے دستخط کئے، جبکہ تقریب میں انفارمیشن کمشنر (جوڈیشل) ارشد احمد اور کمیشن کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر خواتین اور ٹرانس جینڈر افراد سمیت محروم طبقات میں خیبر پختونخوا حقِ معلومات قانون سے متعلق آگاہی، تربیتی پروگرام اور عوامی مہمات چلائیں گے تاکہ انہیں سرکاری اداروں سے معلومات کے حصول کے قانونی طریقہ کار سے روشناس کرایا جا سکے اور شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ معلومات تک رسائی بنیادی حقوق کے تحفظ، خواتین کے بااختیار بنانے اور گڈ گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ باہمی تعاون سے معاشرے کے محروم طبقات کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے حقِ معلومات کے مؤثر استعمال میں معاونت فراہم کی جائے گی۔
پشاور سے مزید