پشاور (خصوصی نامہ نگار) وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان کی زیر صدارت کے ایف ڈبلیو کا اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخوا میں کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے جاری صحت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس میں سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ، کے ایف ڈبلیو ہیلتھ سیکٹر سپیشلسٹ ڈاکٹر معصومہ زیدی، سی ای او ایس ایچ پی آئی، ڈائریکٹر ایس ایچ پی آئی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ہِسڈو اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان اور سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ نے صوبے میں صحت کی سہولیات کی بہتری، نظامِ صحت کو مضبوط بنانے اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی میں کے ایف ڈبلیو کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے اس شراکت داری کو قابلِ قدر قرار دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایچ پی آئی فیز فور اس وقت فزیبلٹی مرحلے میں ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے تجویز پیش کی کہ فیز فور کے تحت ایک ماڈل بنیادی مرکز صحت قائم کیا جائے، جو مستقبل میں صوبے کے دیگر بنیادی مراکز صحت کے لئے ایک مثالی نمونہ ثابت ہو۔