پشاور (نیوز رپورٹر) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان اورخیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی کے قانون کے مؤثر نفاذ کے ذریعے کلائمیٹ گورننس اور کاربن مارکیٹ میں شفافیت، احتساب اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے بدھ کے روز ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے وفد کے خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کے دورے کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔ چیف انفارمیشن کمشنر سید نذر حسین شاہ اور انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین جسٹس (ر) ضیاء پرویز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف علی شیخ اور ریسرچ اینڈ پالیسی لیڈ رائمہ محمود شامل تھے۔ ملاقات میں معلومات تک رسائی کے مؤثر استعمال کے ذریعے صوبے میں کلائمیٹ گورننس اور کاربن مارکیٹ سے متعلق پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں شفافیت کو یقینی بنانے، احتساب کو مضبوط کرنے اور عوامی اعتماد میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔