پشاور (خصوصی نامہ نگار) بہتر انتظامی حکمت عملی، مضبوط طرزِ حکمرانی، طبی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور مریض دوست پالیسی کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال وانا جنوبی وزیرستان کے عوام کے لئے ایک قابلِ اعتماد طبی ادارے کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔پاکستان کے دور افتادہ اور اہم ترین علاقوں میں واقع ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا میں اس وقت نمایاں بہتری آئی ہے جب خیبرپختونخوا حکومت کی آؤٹ سورسنگ پالیسی کے تحت ایم ای آر ایف نے ہسپتال کا انتظام سنبھالا ہے۔ ایم ای آر ایف ایک بین الاقوامی فلاحی ادارہ ہے جو حکومتوں کے ساتھ مل کر معیاری، مساوی، مؤثر اور کم لاگت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کرتا ہے۔ایم ای آر ایف خیبرپختونخوا کے صوبائی منیجر ڈاکٹر عبدالباسط کے مطابق ہسپتال میں 14 ماہر ڈاکٹرز، 24 میڈیکل آفیسرز، 22 نرسیں، 38 پیرا میڈکس اور تقریباً 150 انتظامی و معاون عملہ خدمات انجام دے رہا ہے۔