لاہور (خالد محمود خالد) بھارتی پنجاب میں سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل پر کئے جانے والے آپریشن بلیو سٹار کی 42ویں برسی اور سکھ لیڈر سردار جرنیل سنگھ بھنڈرانوالے کی برسی کے موقع پر ہفتہ کے روز سری اکال تخت صاحب کے احاطے میں خالصتان حامی نعرے لگائے گئے جبکہ بھنڈرانوالے کے بڑے پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے، جس کے باعث حکومت نے امرتسر میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے۔ اس حوالے سے گولڈن ٹیمپل کے احاطے میں ایک تقریب میں مختلف سکھ تنظیموں کے کارکنوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی اور اکال تخت کے سامنے جمع ہو کر خالصتان زندہ باد اور بھنڈرانوالے زندہ باد سمیت دیگر نعرے لگائے۔ متعدد افراد بھنڈرانوالے کی تصاویر والے پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ بعض شرکاء روایتی تلواروں کے ساتھ بھی نظر آئے۔