• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں کشمیرعوامی ایکشن کمیٹی کو اچانک کالعدم کرنے پر پی ٹی آئی کا اظہار تشویش

اسلام آباد(ممتاز علوی ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہفتے کے روز آزاد جموں و کشمیر (آزاد کشمیر) حکومت کی جانب سے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کو اچانک کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا۔اس پیش رفت پر جاری بیان میں پارٹی نے راولاکوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک تشدد پر بھی شدید تشویش ظاہر کی، جہاں اطلاعات کے مطابق ایک بے گناہ شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔پی ٹی آئی نے زور دے کر کہا کہ سیاسی، سماجی اور آئینی نوعیت کے مسائل کا حل جمہوری رابطے، بامعنی مذاکرات اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ پابندیوں، جبر یا طاقت کے استعمال کے ذریعے۔پارٹی نے سوال اٹھایا کہ اگر واقعی JAAC ایک دہشت گرد تنظیم تھی تو حکومت نے کئی ماہ تک اس کے ساتھ مذاکرات کیوں کیے، اس کے ساتھ معاہدے کیوں کیے، اس کے مطالبات کیوں تسلیم کیے، اس کی قیادت سے ملاقاتیں کیوں کیں اور اسے گزشتہ روز تک ایک جائز فریق کے طور پر کیوں تسلیم کیا جاتا رہا؟بیان میں کہا گیا کہ ہڑتال کی کال JAAC نے حکومت اور کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد دی تھی۔
اہم خبریں سے مزید