کراچی (ٹی وی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل بعض خدشات لاحق تھے۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کاروں سہیل وڑائچ اور شہزاد اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں چند اہم پہلو ایسے ہیں جن پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ کوئی سرپرائز ضرور آسکتا ہے۔ وہ جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے گلگت بلتستان میں بھرپور اور مؤثر انتخابی مہم چلائی، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے بھی انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔میاں نواز شریف بھی الیکشن مہم کے سلسلے میں یہاں آئے۔انتخابات سے قبل انہیں بعض خدشات لاحق تھے، جس پر الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 بروقت جاری کیے جائیں تاکہ عوام کےووٹوں کے مطابق نتائج سامنے آسکیں۔