کراچی (ٹی وی رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی پولیس کی تنخواہیں ملک میں سب سے کم ہیں۔ خیبر پختونخوا کےوزرائے اعلیٰ میں سے کسی کو فوجی شہداء کے جنازوں میں شریک ہوتے نہیں دیکھا۔ امن و امان کیلئے وفاق اور صوبہ مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے کہا کہ آبادی کے حساب سے دیکھا جائے تو شاید خیبر پختونخوا کی طرف زیادہ توجہ نہیں جاتی۔ پنجاب اور سندھ کی بنسبت اس کی آبادی نبستاً کم ہے۔لیکن اگر اسٹریٹجک اہمیت کے لحاظ سے دیکھا جائے تو امن و امان کی ابتری کے حوالے سے دیکھا جائے تو خیبر پختونخوا اس وقت سب سے زیادہ توجہ کا مستحق ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا، فیصل کریم کنڈی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی مجموعی صورتحال، بالخصوص سیاسی اور امن و امان کے حوالے سے، اطمینان بخش نہیں ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان امن و امان کے معاملات پر مؤثر ہم آہنگی پیدا نہیں ہو سکی۔