• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹر کیتھیڈرل چرچ تلاوت قرآن مجید سے گونج اٹھا

مانچسٹر کے لارڈ میئر شوکت علی نے سالانہ سوک سروس میں شرکت  کی، مانچسٹر کیتھیڈرل چرچ تلاوت قرآن مجید سے گونج اٹھا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا، جس میں شہر بھر سے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں، کمیونٹی نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

بعد ازاں لارڈ میئر کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر مانچسٹر شہر، اس کے شہریوں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، سوک سروس نے مانچسٹر میں اتحاد، باہمی تعاون اور شہری ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر عوامی خدمت، کمیونٹی روابط، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے رکنِ پارلیمنٹ افضل خان نے خطاب کیا، جبکہ ہندو، سکھ، یہودی، جین اور بدھ مت مذاہب کے نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کیا اور لارڈ میئر شوکت علی کو مبارکباد پیش کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکنِ پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے کہ مانچسٹر کو پانچواں پاکستانی نژاد لارڈ میئر ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لیبر پارٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے اور لیبر پارٹی مانچسٹر کو ایک مثالی شہر بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی، کونسلر شوکت علی شہر کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے دن رات کام کریں گے۔

تقریب کے اہم شرکا میں رکنِ پارلیمنٹ افضل خان، پاکستان کے قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل، ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر جل، کونسلر احمد علی، کونسلر نعیم الحسن، پاکستانی کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین ہارون کھٹانہ، سینٹرل مسجد کے چیئرمین حماد خان، ڈاکٹر یونس پرواز، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے تجمل گرمانی، کاروباری شخصیت محمد جمیل اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔

 پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید