لندن (مرتضیٰ علی شاہ) اداکارہ ماہرہ خان کی کنگ چارلس سے ملاقات، پاکستان میں ذہنی صحت کے کام پر تبادلہ خیال، برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب میں 300 سے زائد مہمان شریک، اداکارہ کا ذہنی بیماریوں سے جڑی سماجی بدنامی پر اظہار تشویش، ماہرہ خان کا کہنا تھا کنگ چارلس کی حمایت ذہنی صحت شعبے کیلئے حوصلہ افزا، ذہنی امراض کو بھی دیگر بیماریوں کی طرح سمجھنا ہوگا، پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل پر جیو اور جنگ گروپ کے اشتراک سے BAT کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے مردوں کو کردار ادا کرنیکی ضرورت ہے۔ اس تقریب میں BAT کیلئے 10 لاکھ پاؤنڈ سے زائد فنڈز جمع کیے گئے۔ پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ برٹش ایشین ٹرسٹ کے ذریعے پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق امور کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ برٹش ایشین ٹرسٹ کے شاہی بانی سرپرست، کنگ چارلس نے لندن کے پیننسولا ہوٹل میں منعقد ہونے والے ادارے کے سالانہ عشائیے اور استقبالیے میں شرکت کی، جس میں 300 سے زائد مہمان شریک ہوئے۔ پاکستانی اداکارہ نے لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ کے سالانہ عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کنگ چارلس سے ملاقات کا موقع ملا اور انہوں نے پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کی اہمیت پر بات کی۔ برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ ذہنی صحت کی سفیر کے طور پر وابستہ ماہرہ خان نے کہا کہ پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل پر جیو ٹی وی اور جنگ گروپ کے اشتراک سے ادارے کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لوگ اب بھی ذہنی صحت کے بارے میں بات کرنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم ماہرِ نفسیات کے پاس کیوں جائیں، ہم تو پاگل نہیں ہیں۔ ‘پاگل’ کا لفظ استعمال ہی نہیں ہونا چاہیے۔