• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حملے منسوخ، اس ہفتے یورپ میں عظیم معاہدہ، ٹرمپ، فیصلہ نہیں کیا، ایران

تہران /واشنگٹن (اے ایف پی /نیوز ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف طے شدہ حملے اور بمباری منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تہران کے ساتھ ایک عظیم معاہدہ طے کرلیا ہے اور وہ اب مسودے کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں‘میرے خیال میں سپریم لیڈرخامنہ ای نے بھی معاہدے کی منظوری دیدی ہے‘ہم شاید یورپ میں اس پر دستخط کریں گے اور یہ ایک اچھی پیش رفت ہوگی۔دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران نے ابھی تک واشنگٹن کے ساتھ ممکنہ معاہدے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور وہ اپنی ریڈلائنزپرکوئی سمجھوتا نہیں کرے گا‘ معاہدے پر دستخط کے وقت اور مقام سے متعلق رپورٹس محض قیاس آرائیاں ہیں اور ابھی تک کچھ بھی حتمی طے نہیں ہوا ہے۔ مسودے کا ایک بڑا حصہ حتمی شکل اختیار کر چکا تھا لیکن امریکا نے بات چیت کے دوران بار بار اپنے موقف تبدیل کیے۔قطر اور پاکستان ثالث کے طور پر سرگرم ہیں لیکن امریکی اقدامات سفارتی عمل کو متاثر کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہناتھاکہ یہ ایک بڑا بہت بڑا معاملہ تھا لیکن ہم جلد ہی دستخط کرنے والے ہیں اور دستاویزات تقریباً حتمی شکل میں ہیں اس لیے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ ٹرمپ کے بقول انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہوسمیت خطے کے دیگر رہنماؤں سے بھی بات چیت کی ہے۔دستخط ہوتے ہی ہرمزکو کھول دیاجائےگا۔قبل ازیں ٹرمپ نے ایران کے خلاف نئے فوجی حملے منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابتدائی امن معاہدے کے حتمی نکات طے پا گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید