• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکائی ڈائیونگ کے دوران 2 روبکس کیوب حل، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

---تصاویر بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز
---تصاویر بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز

ایشان ہڈکر نامی 24 سالہ نوجوان نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ڈائیور نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائی ڈائیونگ کے دوران 2 روبکس کیوب حل کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

ایشان ہڈکر گزشتہ 14 برس سے روبکس کیوب حل کرنے کے شوقین ہیں اور 10 سال کی عمر سے اس مشق میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔


انہوں نے اوشن سائیڈ کے فضائی علاقے میں ایک ہی اسکائی ڈائیو کے دوران سب سے زیادہ روٹیٹنگ پزل کیوبز حل کرنے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی اسکائی ڈائیونگ بھی تھی، تاہم پہلی کوشش کے دوران ایک روبکس کیوب فری فال میں ٹوٹ گیا، جس کے باعث ریکارڈ کی کوشش ناکام ہو گئی۔

ایشان کے مطابق مجھے اسکائی ڈائیونگ کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں تھا اور دورانِ پرواز روبکس کیوب کے خراب ہو جانے نے مجھے مشکل صورتِ حال سے دو چار کر دیا، لیکن میں نے ہمت نہ ہاری اور فوراً دوسری پرواز میں سوار ہو کر دوبارہ کوشش کی، دوسری بار میں نے کامیابی کے ساتھ 2 روبکس کیوب حل کیے اور یوں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

ایشان نے بتایا کہ تیز ہواؤں، ابر آلود موسم اور تقریباً 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے فری فال کے دوران روبکس کیوب حل کرنا انتہائی مشکل تھا، میں نے وہی تکنیک استعمال کی جو زمین پر کرتا ہوں، تاہم ہوا کے دباؤ کی وجہ سے کیوب کو زیادہ مضبوطی سے پکڑنا پڑا۔

انہوں نے پہلا روبکس کیوب فری فال کے دوران حل کیا جبکہ دوسرا پیراشوٹ کھلنے کے بعد مکمل کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایشان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں مستقبل میں اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں، زمین پر اترنے کے فوراً بعد میرے ذہن میں یہی خیال آیا کہ شاید میں ایک ہی چھلانگ میں 5 روبکس کیوب بھی حل کر سکتے تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید