بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک ڈاکٹر نے اپنی 45 سالہ گھریلو ملازمہ مینا پر پہلے کرکٹ بیٹ سے تشدد کیا اور بعد ازاں چاقو کے وار سے اسے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے سے کچھ روز قبل منیش گپتا کا اپنی اہلیہ کے ساتھ ملازمہ مینا کو نوکری سے نکالنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔
ملزم ڈاکٹر کی اہلیہ نے ملازمہ (مینا) کو نکالنے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی کیونکہ مینا گزشتہ 15 سال سے ان کے گھر میں خدمات انجام دے رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم ڈاکٹر گزشتہ کئی برس سے ڈپریشن اور او سی ڈی کی بیماری میں مبتلا تھا اور ادویات استعمال کر رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ گزشتہ روز صبح پیش آیا جب ایک پڑوسی نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک خاتون کی لاش عمارت کی چھت پر خون میں لت پت پڑی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس موقع پر پہنچی تو منیش گپتا کو وہیں موجود پایا، موقع سے کرکٹ بیٹ اور خون آلود چاقو بھی برآمد کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ڈاکٹر نے ریکارڈ کروائے گئے بیان میں اعترافِ جرم کر لیا ہے جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔