کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، اپوزیشن ارکان نے بجٹ کو مایوس کن قراردیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل نے جنگ ختم کرا دی ، گزارش ہے کرپشن بھی ختم کرا دیں اور مہربانی کرکے کراچی پر توجہ دیں۔جو شہر سب سے زیادہ ٹیکس دے رہا وہ کھنڈر بنا ہوا ہے ، بجٹ میں کراچی کے شہریوں کو بھی حقوق دینے کی بجائے صرف دس دس ہزار کے ای چالان دیئے جارہے ہیں۔ سرکاری ملازمین تنخواہ میں 7 فیصد اضافہ مناسب نہیں ہے ۔غریب ملازمین کے لئے زیادہ اضافہ ہونا چاہئے۔ سندھ کوگزشتہ اٹھارہ برس میں71ہزار ارب روپے ملے لیکن عوام کے مسائل پہلے کی طرح موجود ہیں۔ حکومتی اراکین کا موقف تھا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے مشکل معاشی حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے، صوبے میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم کے شعبے پر دی جارہی ہے ۔ یہ بڑی اہم بات ہے کہ سندھ میں 74ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں۔اجلاس میں ایم کیو ایم کے ارکان نے آج بھی اپنا احتجاج جاری رکھا وہ ایوان میں وہ پلے کارڈز لیکر آئے تھے جن پر احتجاجی نعرے درج تھے۔