کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق خواتین کے لیے مخصوص ‘پنک بس’ کے سامنے ایک موٹر سائیکل سوار اوباش شخص کی جانب سے نازیبا حرکت کرنے کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے۔بس میں سوار خواتین نے اوباش شخص کی نازیبا حرکات کی ویڈیو بنا لی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نازیبا حرکات کرنے والا شخص ڈھٹائی کے ساتھ خواتین کی جانب سے ویڈیو بنانے کے دوران بھی نازیبا حرکات مستقل کرتا رہا ۔ اوباش شخص موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کے لیے ملزم کی موٹر سائیکل کے آگے کی نمبر پلیٹ بھی غائب تھی۔موٹر سائیکل کے پیچھے نمبر پلیٹ لگی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔متاثرہ خواتین نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے اور ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ زبیر نزیر شیخ نے بتایا کہ اس وائرل ویڈیو کا مقام ممکنہ طور پر راشد مہناس روڈ ہوسکتا ہے۔پولیس اس معاملہ کی تفیش کررہی ہے۔