لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے چوتھے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 04 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 31 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ صوبہ بھر میں 278 عزاداری جلوس اور 3907 مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں 04 محرم الحرام کی مناسبت سے 17 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 412 مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 23 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے معاونت فراہم کی۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور ہمہ وقت رابطے میں رہیں گے۔