کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع بالخصوص کوئٹہ میں چوری ، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، رہزنی اور گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ، عوام خود کو ہر جگہ غیرمحفوظ محسوس کررہےاورجرائم پیشہ عناصر کھلے عام قانون کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں ۔ کوئٹہ شہر بالخصوص ہزار گنجی کے تمام علاقوں اور اندرون شہر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ دوسری جانب جرائم کا شکار ہونے والے شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کی بجائے اکثر پولیس تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج میں غیرضروری تاخیر ، ٹال مٹول اور مختلف حیلوں بہانوں سے متاثرین کو مایوس کیا جاتا ہے شہری گھنٹوں بلکہ کئی کئی دن تھانوں کے چکر لگاتے ہیں مگر انہیں انصاف کے بجائے طفل تسلیاں دی جاتی ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طور پر کوئٹہ شہر میں چوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز اور رہزنی میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر آپریشن کیا،گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے والے گروہوں اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا خاتمہ ،تمام تھانوں میں ایف آئی آر کے فوری اور بلا رکاوٹ اندراج کو یقینی بنایا، تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر یا شکایات درج نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی اور پولیس گشت، انٹیلی جنس نظام اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔