• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبادت کے روز مسیحی سینیٹری ورکرز کو کام پر بلانے پر CDA سے جواب طلب

اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبادت کے دن مسیحی سینیٹری ورکرز کو ڈیوٹی پر بلانے کیخلاف درخواست پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے شق وار جواب طلب کر لیا۔ الیاس مسیح سمیت دیگر سینیٹری ورکرز کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل یاسر محمود چوہدری پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ گزشتہ طویل عرصے سے مسیحی سینیٹری ورکرز کو اتوار کو بلا لیتا ہے۔ اتوار مسیحی برادری کا عبادت کا دن ہے۔ ڈیوٹی پر بلا کر چرچ میں عبادت اور اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ یہ عمل آئینِ کے آرٹیکل 20 (مذہبی آزادی)، آرٹیکل 25(شہریوں کے مساوی حقوق) اور آرٹیکل 36(اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ) کے خلاف ہے۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد سے مزید