راولپنڈی (حافظ وسیم اختر سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے صوبہ بھر میں لین لائن سسٹم پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا ، انہوں نے پنجاب بھر کے چیف ٹریفک افسران ( اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو انفورسمنٹ مزید مؤثر بنانے اور عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کے لئے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے تمام پٹرولنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ لین لائن کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت اور قانونی کارروائی یقینی بنانے کے لیے پٹرولنگ کے نظام کو مزیدبہتر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ غلط لین میں گاڑی چلانے، بار بار لین تبدیل کرنے اور بغیر انڈیکیٹر استعمال کیے اوورٹیکنگ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، ٹریفک حکام کے مطابق صوبہ بھر میں رواں سال لین لائن کی خلاف ورزی پر اب تک 6لاکھ 27ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں ۔