اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) تھانہ نون کے کانسٹیبل صالح محمد کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے 03 زیر حراست ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، تھانہ نون پولیس زیر حراست ملزمان کے انکشاف و نشاندھی پر ساتھیوں کی گرفتاری اور مال مسروقہ برآمدگی کے لئے لے کر جا رہی تھی،کہ سیکٹر آئی 15 میں غیر آباد مکان میں چھپے زیر حراست ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی تاہم زیر حراست ملزمان ارسلان، سلمان اور شاہزیب اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ملزمان پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی، راہزنی اور شاپ رابری جیسے سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے،ملزمان سے چھینے گئے دو موٹر سائیکل ،درجنوں موبائل فون اور پرسوں کے علاؤہ وارداتوں میں استعمال ہونے والے 03 پستول معہ ایمونیشن برآمد ہوئے تھے، پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشنز جاری ہے۔