• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنے سے پونچھ میں غذائی قلت، بند شاہراہیں کھلوانے پر فورسز پر فائرنگ کی گئی، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

اسلام آباد (اے پی پی) ترجمان حکومت آزاد جموں و کشمیر اور ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ ہر حکومت پر امن اور عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنائینگے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات شیڈول کے مطابق ہونگے، تاخیر کا کوئی امکان نہیں،ڈی آئی جی عرفان کا کہنا ہے کہ پونچھ ڈویژن میں 36 روز سے جاری دھرنے سے غذائی قلت پیدا ہوئی، بند شاہراہیں کھلوانے پر سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ 4 اکتوبر 2025 کے معاہدے کے تحت کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات وسیع تر عوامی مفاد میں منظورکئے گئے،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوئی،ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث عوامی ایکشن کمیٹی کو قانون کے مطابق کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 36 روز سے جاری دھرنے کے باعث پونچھ ڈویژن میں خوراک، ادویات اور ضروری اشیا کی ترسیل شدید متاثر ہوئی،شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے عام شہریوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل کی گئی، کئی علاقوں میں غذائی قلت اور اشیائے ضروریہ کی کمی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے بند راستے کھول دیئے جائیں، بند شاہراہیں کھلوانے کی ہر کوشش کے دوران کالعدم کمیٹی کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، شجاع آباد میں راستہ بحال کرنے والی ٹیم پر ملحقہ علاقوں اور جنگلات سے شدید فائرنگ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے۔

اہم خبریں سے مزید