اسلام آباد ( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات 2026کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق وہ 17 سے 24جولائی تک آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور ڈڈیال، کوٹلی، مظفرآباد اور میرپور میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران بلاول بھٹو زرداری پارٹی امیدواروں کے حق میں ووٹ کی اپیل کرنے کے ساتھ کارکنوں اور عوام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات 2026 کے لیے اپنی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی جلسوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری 17 جولائی سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے اور مختلف اضلاع میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔شیڈول کے مطابق انتخابی مہم کا پہلا عوامی جلسہ 17 جولائی کو حلقہ LA- 01 ڈڈیال میں سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا، جس کی میزبانی چوہدری افسر شاہد کریں گے۔ 19 جولائی کو چیئرمین پیپلز پارٹی کوٹلی میں سہ پہر 3 بجے ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس جلسے کی میزبانی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یٰسین کریں گے، جبکہ کوٹلی کے امیدوار جاوید اقبال بڈھانوی، چوہدری محمد اخلاق، ملک ظفر اقبال اور چوہدری ولید انقلابی بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کریں گے۔