کراچی (آئی این پی ) نجی کمپنی کے ٹو ائیرویز کے اورماڑہ میں گرکر تباہ ہونے والے کا رگو طیارے کے کپتان رضوان ادریس اور فلائٹ انجینئر محمد عارف صدیقی کی غائبانہ نمازجنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔پاک فضائیہ کے افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں ،عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں گر کر تباہ ہونے والے کے ٹو ائیرویز کے طیارے کے کپتان رضوان ادریس کی غائبانہ نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز عصر فیلکن کمپلیکس ملیر کینٹ میں ان کے گھر سے متصل مقام پر اداکی گئی۔کیپٹن رضوان ادریس کی غائبانہ نمازجنازہ میں پاک فضائیہ کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران علاوہ پاکستان ائیر فورس کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ساتھ، بیس کمانڈر ملیر سمیت شہری ہوابازی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ نمازجنازہ میں شریک افراد نے کیپٹن رضوان ادریس کے جرمنی سے پہنچنے والے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔حادثے کے شکار کے ٹوائرویز کے کارگو طیارے کے فلائٹ انجینئر محمد عارف صدیقی کی غائبانہ نماز جنازہ گلستان جوہر بلاک 4 میں ان کے صاحبزادے عبد الرافع کی امامت میں ادا کی گئی۔محمد عارف صدیقی کی نماز جنازہ میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز، ڈپٹی سیکریٹری کراچی یونس بارائی، امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر اور جماعت اسلامی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ مرحوم کے بڑے بھائی طارق صدیقی اور چھوٹے بھائی آصف صدیقی مرحوم کے صاحبزادے حذیفہ صدیقی، علی عزام صدیقی، کعب حسن صدیقی اہل محلہ، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز نے کہا کہ کائنات کی ہر چیز نے فنا ہو جانا ہے اور ہر انسان کی دنیا سے رخصتی اللہ رب العزت کی مشیت کے مطابق ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عارف صدیقی شہید کے حسن کردار کی گواہی اہل علاقہ دے رہے ہیں اور امید ہے کہ اللہ تعالی ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے ایک باغ بنا ئے گا۔مسلم پرویز نے کہا کہ کارگو طیارے کے حادثے کے بعد ابھی تک جسد خاکی اور بلیک باکس کا نہ ملنا انتہائی تشویش ناک ہے اور حکومت کی جانب سے سمندر میں لاشوں کی تلاش کے لیے موثر اقدامات نہ کرنا بھی افسوس ناک ہے۔